مینگلور:18/جولائی (ایس اؤنیوز)حال ہی میں بی سی روڈ پر ہوئے شرتھ مڈیوال کے قتل کے معاملے میں اپنے پاس سنسنی خیز جانکاری ہونے کا بیان دینے والے گروپور وجردیہی مٹھ کے راج شیکھر انند سوامی جی کے وکیلنے پیر کو بنٹوال شہری پولس تھانہ پہنچ کر سوامی جی کے تحریری بیان کو جانچ افسر کے حوالے کیا ہے۔ مگر انہوں نے وکیل کے ذریعے جو بیان دیا ہے، وہ بے حد دلچسپ ہے۔
منگلورو میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے سوامی جی نے شرتھ قتل کے متعلق اپنے پاس سنسنی خیز معلومات ہونے کی جانکاری دی تھی ،اور کہا تھا کہ وہ اپنے پاس موجود جانکاری کو این آئی اے کے سامنے ظاہرکریں گے۔ بیان کے بعد جانچ آفیسرنے سوامی جی کو نوٹس جاری کیا تھا کہ وہ بنٹوال پولس تھانہ پہنچ کر معلومات کے تعلق سے جانکاری دیں ۔ جس کے تحت پیر کو سوامی کے وکلاء نے پولس تھانہ پہنچ کر سوامی کا بیان دیا۔
تحریری بیان جانچ آفیسر کے حوالے کرنے کے بعد سوامی کے وکیل مہیش کے جے نے بتایا کہ بی سی روڈ میں شرتھ کا قتل ہونا سرکار کی ناکامی اور اس کو تصدیق کرنے والے مقامی سراغ کو ظاہر کرنے میں عوام پس و پیش کا شکار ہوتے ہیں، ان حالات میں سوامی جی نے نڈر ہوکر اپنا بیان دیا ہے، فی الحال معاملے کو لے کر جو جانکاری تھی وہ ہم نے جانچ آفیسر کو سونپ دی ہے۔
تحریری بیان میں کیا ہے ؟
معاملے کو لے کر راج شیکھرانند سوامی کو سی آر پی سی 160کے تحت 17جولائی کو پولس تھانہ حاضر ہونے کے لئے نوٹس جاری کی گئی تھی ۔ مگر اس دن ان کے وکیل نے پولس تھانہ پہنچ کر تحریری بیان سونپا ،بنٹوال سی پی آئی پرکاش نے بتایا کہ سوامی جی نے جو تحریری بیان دیا ہے اُس میں انہوں نے بتایا ہے کہ آشاڈ کا مہینہ شروع ہونے کی وجہ سے پوجا سمیت دیگر مذہبی رسومات ادا کرنے ہیں جس کی وجہ سے وہ پولس تھانہ حاضر نہیں ہوسکتے ، اسی لئے ان کے پوجا اور دیگر رسومات میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے ۔